آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں، رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے قیادت سے مشاورت کے بعد کیا اور یہ پارٹی کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ایک نجی ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ پارٹی قیادت اور نواز شریف نے باہمی مشاورت سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قیادت کے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم تمام پہلوؤں پر غور کے بعد افتخار گیلانی کے حق میں فیصلہ کیا گیا۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق اس فیصلے میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر ہر قیمت پر پارٹی کے ساتھ رہیں گے، جبکہ انہیں اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کو بھی پارٹی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔
افتخار گیلانی پہلی مرتبہ 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور وہ آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔