تازہ ترین

ایران کو اسرائیل کی کھلی دھمکی، معاہدے کے باوجود کارروائی کا عندیہ

0

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے باوجود اسرائیل نے تہران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا عندیہ دے دیا، اسرائیلی وزیر ایلی کوہن نے واضح کیا ہے کہ ایران کی جانب سے جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام بحال کرنے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیر ایلی کوہن نے ہفتے کے روز اسرائیلی ویب سائٹ ’وائی نیٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری یا بیلسٹک میزائل پروگرام کی بحالی کی کوشش کو اسرائیل برداشت نہیں کرے گا۔

ایلی کوہن نے کہا کہ اگر ایران نے دوبارہ یہ پروگرام شروع کرنے کی کوشش کی تو اسرائیل کارروائی کرے گا، چاہے اس دوران تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی معاہدہ طے پاچکا ہو۔

اسرائیلی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف حملہ نہ کیا ہوتا تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکا ہوتا۔

ان کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس کے جائزے میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں سے ایران کا جوہری پروگرام دو سے چار سال پیچھے چلا گیا ہے۔

ایلی کوہن نے کہا کہ اسرائیل اپنی فوجی صلاحیت ثابت کرچکا ہے اور اگر ایران نے دوبارہ جوہری یا میزائل پروگرام کی تعمیر نو کی کوشش کی تو اسرائیل کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسرائیلی وزیر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام اور امریکا کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔

ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیل ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو اپنی قومی سلامتی کے لیے ایک اہم خطرہ سمجھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.