تازہ ترین

بلاول بھٹو کی شادی کی خبریں جھوٹی نکلیں، حقیقت سامنے آگئی

0

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس پر گردش کرنے والی خبروں نے نئی بحث چھیڑ دی تھی، تاہم اب ان دعوؤں کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ شادی طے ہونے اور دلہن کا تعلق یورپ سے ہونے کی اطلاعات کو مسترد کردیا گیا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ دعوے گردش کر رہے تھے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی طے ہوگئی ہے اور ان کی ہونے والی شریکِ حیات کا تعلق آسٹریا کے قریب واقع ایک یورپی ملک سے ہے۔ ان خبروں میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اسی یورپی ملک کے دورے پر ہیں اور ان کے سفر کا ایک مقصد شادی کی تیاریوں کا جائزہ لینا بھی ہے۔

تاہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان تمام دعوؤں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں غلط ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کی نجی زندگی بالخصوص شادی سے متعلق سوالات اس سے قبل بھی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتے رہے ہیں۔ 2023 میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بھی ان سے شادی کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا، جس پر وہ قدرے برہم ہوگئے تھے۔

صحافی نے پوچھا تھا کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں؟ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا تھا کہ شادی انہوں نے کرنی ہے یا صحافی نے، اور ان سے یہ بھی سوال کیا کہ کیا صحافی کی نظر میں کوئی ایسی لڑکی ہے جس سے وہ ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں۔

شادی سے متعلق تازہ افواہوں کے بعد ایک بار پھر بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی زندگی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئی، تاہم مرتضیٰ وہاب کی وضاحت کے بعد ان دعوؤں کی حیثیت واضح ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے بھی اس حوالے سے کسی منگنی یا شادی کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.