قلات گرلز ڈگری کالج کا اچانک معائنہ، ناقص تعمیر پر ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس
قلات: ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا اچانک دورہ کرکے تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا اور نئی تعمیر شدہ عمارت میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔
دورے کے دوران پرنسپل گرلز ڈگری کالج عدیلہ زیب نے ڈپٹی کمشنر کو کالج کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا اور بنیادی سہولیات، درپیش مسائل، اسٹاف کی تعداد، اساتذہ کی حاضری، کلاس رومز میں طالبات کی تعداد، جاری کورسز اور لائبریری میں موجود کتابوں سمیت نئی تعمیر شدہ عمارت کے معیار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری نے کالج میں اساتذہ کی غیر حاضری کا بھی نوٹس لیا اور طالبات سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بروقت حاضری اور مؤثر تدریسی عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
نئی تعمیر شدہ عمارت میں ناقص مٹیریل کے استعمال پر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔
انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ تعلیم کے شعبے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کالج میں تعینات تمام اساتذہ اپنی حاضری یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ طالبات کی تعلیم و تربیت پر مرکوز رکھیں، کیونکہ بہتر تعلیم ہی سے ملک و قوم کی ترقی ممکن ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہے، جبکہ کالج کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔