تازہ ترین

بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر اور روزگار کے مواقع دینا ناگزیر ہے: گورنر بلوچستان

0

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم ان کی صلاحیتوں کو عملی کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے معیاری تعلیم، جدید ہنر، درست رہنمائی اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

گورنر بلوچستان نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی مخصوص نفسیات اور اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی وضع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے انہوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں منعقدہ یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کے مطابق دنیا کے سامنے بلوچستان کے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں، امنگوں اور مستقبل کے خوابوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف مستقبل کے معمار نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں برابر کے شراکت دار سمجھا جاتا ہے۔ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی مایوسی ختم کرنے، باعزت روزگار کی فراہمی اور جدید مواقع تک رسائی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پاسداری کے بغیر عوام بالخصوص نوجوانوں کا اعتماد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ نوجوان طبقے کی بنیادی ضروریات، ترجیحات اور مسائل کا درست ادراک کرکے ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گورنر بلوچستان کے مطابق نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے ایسے پروگرامز تیار کیے جارہے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کو صرف ملازمت کے متلاشی بنانے کے بجائے انہیں ہنرمند، خودمختار اور روزگار پیدا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں کی فراہمی کے پروگرامز میں بھی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، جن میں پروفیشنل ٹریننگ، آن لائن انفارمیشن ٹیکنالوجی کورسز اور میڈیکل ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔ ان پروگرامز کا مقصد نوجوانوں کو مقامی اور عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔

جعفر خان مندوخیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کریں، علم و ہنر کے حصول کو ترجیح دیں، اپنی حب الوطنی کو عملی خدمت میں تبدیل کریں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.