کراچی: تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کے لیے حکومت نے آسان ٹیکس اسکیم کی موبائل ایپ فعال کردی ہے، جس کے ذریعے ریٹیلرز آسان طریقے سے آن لائن رجسٹریشن کراسکیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری افراد کو سہولت ملنے کے ساتھ ملک کا ٹیکس نیٹ بھی وسیع ہوگا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تاجروں اور دکانداروں کے مطالبے پر متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس اسکیم کی موبائل فون ایپ اب فعال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے حوالے سے ملک کے مختلف حصوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز مقرر کیے جاچکے ہیں، جبکہ سادہ اور عام فہم اردو زبان میں فارم بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ دکاندار اسے باآسانی آن لائن جمع کراسکیں۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم کے تحت دکاندار اپنے ظاہر کردہ سالانہ کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرے گا، جبکہ اسکیم میں شامل دکانداروں کے بلوں سے کاٹا جانے والا ٹیکس بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ رجسٹرڈ دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق جس دکان کے باہر یہ پلیٹ نصب ہوگی، وہاں ایف بی آر کا عملہ معمول کی پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل نہیں ہوسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم میں شامل دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ نہیں ہوگا، جبکہ انہیں پوائنٹ آف سیل (POS) مشین لگانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی اور نہ ہی انہیں ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کا پابند کیا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ہر ماہ ایک ہفتے کے لیے کراچی میں موجود رہیں گے تاکہ کاروباری برادری کے مسائل موقع پر ہی حل کیے جاسکیں۔ ان کے مطابق اس اقدام کا آغاز اگست میں ہوچکا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔