کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے کویتی وفد نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی روابط سمیت خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن و استحکام اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق مختلف معاملات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط دفاعی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے، جس سے باہمی مفادات کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو بھی فروغ مل سکے۔
کویتی وفد نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل مہارت اور خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کویت اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط اور پائیدار تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔