کراچی- امریکی ٹیکنالوجی کمپنی موبیز نے پاکستان میں اپنا ریجنل آفس قائم کردیا، جسے ملکی آئی ٹی شعبے میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے اعتماد اور پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے موبیز کے پاکستان میں ریجنل آفس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موبیز پاکستانی ملکیت میں چلنے والی امریکا کی سلیکون ویلی میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی ہے، جو دنیا کے مختلف ممالک میں کلاؤڈ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توسیع ملکی آئی ٹی ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو علاقائی ٹیکنالوجی اور گلوبل سروسز حب بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ عالمی کمپنیوں کی موجودگی سے ملک کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی نے موبیز گلوبل کو کراچی آفس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کمپنی مستقبل میں پاکستان میں مزید توسیع کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرے گی۔