تازہ ترین

ایران امریکا کشیدگی، پیزشکیان نے غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کا مطالبہ کردیا

0

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے ملک کو درپیش طویل ’نہ جنگ نہ امن‘ کی صورتحال ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ نہ صرف ملکی معیشت بلکہ سرمایہ کاری کے امکانات کو بھی متاثر کررہا ہے۔

پیزشکیان نے کہا کہ تہران کو موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے منطق کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، تاہم اس دوران ایران کے اصولوں اور قومی مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

ایرانی صدر کے مطابق حکام تقریباً روزانہ صورتحال پر بات چیت کررہے ہیں اور ایسے اتفاقِ رائے کی تلاش میں ہیں جو ایک اور حملے کے امکان کو روک سکے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، تاہم ممکنہ تنازع کے بارے میں مسلسل غیر یقینی صورتحال بھی اقتصادی سرگرمیوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

پیزشکیان نے خبردار کیا کہ جب کاروباری اداروں کو دوبارہ فوجی تصادم کا خدشہ ہو تو ملک میں سرمایہ کاری لانا مشکل رہے گا۔ انہوں نے کشیدگی کو مذاکرات اور منطق کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

ایرانی صدر نے امریکا کے ساتھ حالیہ مفاہمتی یادداشت کا بھی دفاع کرتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کیا کہ یہ معاہدہ ایران کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق معاہدے سے قبل مختلف ایرانی حکام اور اداروں کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوئی تھی۔

دوسری جانب ایک الگ ٹی وی خطاب میں پیزشکیان نے ایران کی مجموعی صورتحال کو مکمل اقتصادی، عسکری اور سیکیورٹی جنگ قرار دیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مزید پابندیوں کی دھمکیوں کا بھی ذکر کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.