تازہ ترین

کراچی میں ہوائی فائرنگ`2 افراد جاں بحق اور 95 زخمی

0

کراچی: جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی میں ہوائی فائرنگ نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا، شہر کے مختلف علاقوں میں اندھی گولیوں کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 95 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 41 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ، پرانی سبزی منڈی میں ماشاء اللہ ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ اسی علاقے میں مزید 3 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

پی آئی بی کالونی تھانے کے علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 42 سالہ محراب ولد محمد خان اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر چائے پی رہے تھے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی۔ اسی دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ان کے سینے میں لگی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔

محراب کو فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی لاش ان کے بھائی کے حوالے کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ 26/245 بجرم دفعات 34/322 کے تحت مقتول کے بھائی محمد غلام کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب جوہر آباد تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 7 کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ شایان ولد ذوالفقار زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق شایان جشنِ آزادی کے موقع پر ہونے والی ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوا۔

درخشاں تھانے کے علاقے سی ویو کے قریب بھی 30 سالہ علی احمد ولد محمد ہاشم نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ انہیں بھی طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی طرح سچل کے علاقے رند گوٹھ کے قریب گھر میں موجود 18 سالہ عبدالجبار ولد محمد شاہ کو بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی، جس کے بعد اسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سچل پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں جشنِ آزادی کے دوران ہونے والی ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 95 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

ہوائی فائرنگ میں ملوث 41 ملزمان گرفتار

کراچی پولیس نے جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 41 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ضلع شرقی کے سائٹ سپر ہائی وے، سچل، گلستانِ جوہر اور گلشنِ اقبال کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ ضلع وسطی میں پولیس کارروائی کے دوران 16 ملزمان گرفتار ہوئے۔

اسی طرح ضلع کورنگی میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.