تازہ ترین

مکہ دفاعی اتحاد میں 13 نئے ممالک شامل،پاکستان کا ڈپٹی کمانڈر مقرر

0

جدہ: سعودی عرب کی قیادت میں قائم کثیر القومی بحری دفاعی اتحاد میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مزید 13 ممالک نے اتحاد کے منشور پر دستخط کرکے باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرلی ہے، جبکہ اتحاد کے ڈپٹی کمانڈر کا تعلق پاکستان سے ہوگا۔

سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق 13 نئے ممالک نے اپنے قومی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد مشترکہ دفاعی اتحاد کے منشور پر دستخط کیے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد اتحاد میں باضابطہ طور پر شامل ہونے والے ممالک کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

سعودی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ اعلان جدہ میں منعقد ہونے والے اتحاد کے تیسرے منصوبہ سازی اجلاس کے بعد سامنے آیا۔ اجلاس میں اتحاد کے آئندہ تنظیمی اور آپریشنل ڈھانچے سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

وزارتِ دفاع کے مطابق نئے ممالک کی شمولیت کے بعد اتحاد اب تنظیمی اور آپریشنل سرگرمیوں کے باقاعدہ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ تاہم بعض دیگر ممالک ابھی اتحاد میں شمولیت کے لیے ضروری قومی قانونی اور انتظامی مراحل مکمل کر رہے ہیں۔

سعودی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ اتحاد کی قیادت ایک سعودی کمانڈر کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمانڈر کا تعلق پاکستان سے ہوگا۔ 6 اگست کو سعودی ریئر ایڈمرل عبداللہ بن سالم الشہری کو اتحاد کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران اتحاد کے ہیڈکوارٹرز اور لوگو سے متعلق بھی فیصلے کیے گئے۔ اس کے علاوہ رکن ممالک کے فوجی افسران کی مشترکہ کمانڈ، مشترکہ بحری آپریشنز سینٹر اور انٹیلیجنس سینٹر میں شمولیت کا عمل بھی مستقبل قریب میں شروع کیا جائے گا۔

اس اتحاد کا مقصد رکن ممالک کے درمیان بحری دفاع، مشترکہ آپریشنز، انٹیلیجنس تعاون اور سمندری سلامتی کے شعبوں میں رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ پاکستان کو ڈپٹی کمانڈر کی ذمہ داری ملنے کو دفاعی اور عسکری تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.