براڈ پیک پر برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتا ہونے والے معروف پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش 15 روز بعد تلاش کرلی گئی۔ مقامی رضاکاروں نے دشوار گزار اور خطرناک علاقے میں اپنی مدد آپ کے تحت سرچ آپریشن کرتے ہوئے لاش کو تلاش کیا اور کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کردیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق سہیل سخی کی لاش شگر کے علاقے تسر سے تعلق رکھنے والے مقامی رضاکاروں نے تلاش کی۔ لاش کی تلاش میں محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر سمیت دیگر رضاکاروں نے حصہ لیا۔
الپائن کلب کے بیان کے مطابق رضاکاروں نے زَمان اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سہیل سخی کی لاش کو کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر موسم نے اجازت دی تو سہیل سخی کی لاش کو آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کیا جائے گا۔
الپائن کلب نے سہیل سخی کے اہل خانہ اور پاکستان کی کوہ پیمائی برادری سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 15 روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 کوہ پیما لاپتا ہوگئے تھے۔ حادثے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 5 نیپالی کوہ پیماؤں سمیت مجموعی طور پر 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں تلاش کی جاچکی ہیں، جبکہ سہیل سخی کی لاش بھی اب مل گئی ہے۔