تازہ ترین

بلوچستان کے ضلع چاغی میں 7 مزدور اغوا، کان کنی کی سائٹ پر حملہ

0

چاغی: بلوچستان کے ضلع چاغی میں نجی کان کنی کی ایک سائٹ پر 8 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دھاوا بول کر 7 کارکنوں کو اغوا کرلیا، جبکہ حملہ آور لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور ضروری اشیا بھی ساتھ لے گئے۔

واقعہ بدھ کے روز تقریباً دوپہر ایک بجے چاغی تحصیل سے 15 سے 18 کلومیٹر مغرب میں واقع مہین کور کے علاقے میں پیش آیا۔ مسلح افراد نے کان کنی کی سائٹ پر موجود کارکنوں کو یرغمال بنایا اور بعد ازاں 7 افراد کو اپنے ساتھ لے گئے۔

اغوا ہونے والوں میں گلگت سے تعلق رکھنے والے 4 مزدور وجاہت، واجد، شاہد اور صابر جبکہ 3 مقامی کارکن ضیاء الدین، شاہ سلیم اور سعید محمد شامل ہیں۔

مسلح افراد شام تقریباً 7 بجے تک سائٹ پر موجود رہے اور ایک زمباد گاڑی، فور وہیل ڈرائیو پک اپ، 20 سے زائد سولر پینلز، زرنج موٹر سائیکل، بستر، باورچی خانے کا سامان، گیس سلنڈر، 2,500 لیٹر ڈیزل، 1,500 لیٹر پٹرول اور دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے۔

اطلاع ملنے پر متعلقہ انتظامیہ نے کارروائی شروع کردی ہے، تاہم رپورٹ کے وقت تک مغوی کارکنوں اور لے جائے گئے سامان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے مغویوں کی بازیابی اور سامان کی برآمدگی کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.