تازہ ترین

امریکا ایران تنازع، دنیا کی نظریں پاکستان، قطر اور عمان پر مرکوز

0

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور جنگ بندی و مذاکرات کی بحالی کے لیے عالمی سطح پر سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، ایسے میں پاکستان، قطر اور عمان کی ثالثی اور سفارتی کردار پر دنیا کی نظریں مرکوز ہوگئی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دونوں فریقوں کے درمیان رابطے بحال رکھنے کی کوششوں کو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی تھنک ٹینک سٹمسن سنٹر کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکا ایران کشیدگی کے حل کے لیے پاکستان، قطر اور عمان اہم سفارتی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میمورنڈم پر دباؤ کے باوجود پاکستان امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان اور قطر نے امریکا اور ایران کو جنگ بندی اور مذاکرات کی طرف واپس لانے کے لیے مشترکہ تجویز بھی پیش کی ہے، جبکہ ایرانی وزیر داخلہ کی حالیہ اسلام آباد آمد کو پاکستان کی ثالثی پر تہران کے اعتماد کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔

سٹمسن سنٹر کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ کی جانب سے ایرانی ہم منصب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دینا امن عمل جاری رکھنے کے عزم کی واضح علامت ہے۔ پاکستان دونوں فریقوں کے لیے قابلِ اعتماد ثالث کی حیثیت سے امریکا ایران رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

خصوصی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ دفاعی روابط، تہران کے ساتھ تاریخی تعلقات اور بیجنگ کے ساتھ قربت پاکستان کو ایک منفرد سفارتی حیثیت فراہم کرتی ہے۔ امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ پاکستان کے روابط اسے موجودہ تنازع کے حل کے لیے ایک مؤثر ثالث بناتے ہیں۔

سٹمسن سنٹر نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں واضح کیا کہ پاکستان کی سفارتی طاقت محض ردعمل تک محدود نہیں، بلکہ اسلام آباد موجودہ صورتحال میں فعال سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا ایران مذاکرات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.