کم جونگ اُن نے روس کے لیے فوجی تعاون معطل کر دیا، یوکرینی انٹیلی جنس کا دعویٰ
یوکرین کی دفاعی انٹیلی جنس (ایچ یو آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا سے متعلق اختلافات کے بعد روس کے لیے فوجی تعاون معطل کر دیا ہے، جس سے ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان فوجی شراکت داری متاثر ہونے کا امکان ہے۔
یوکرینی انٹیلی جنس کے مطابق اس فیصلے کے تحت ہتھیاروں کی فراہمی، فوجی نقل و حمل اور ممکنہ طور پر اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تنازع اکتوبر میں اس وقت شروع ہوا جب روس نے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد دینے کی بات کی۔ روسی نائب وزیر خارجہ آندرے رودینکو نے کہا تھا کہ ماسکو مستقبل میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرے گا، جس پر شمالی کوریا کے حکام نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
شمالی کوریا کی وزیر خارجہ چوئے سون ہوئی نے روس کے مؤقف پر وضاحت طلب کی۔ اکتوبر کے اختتام پر انہوں نے فوجی امداد عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔ یوکرینی انٹیلی جنس کے مطابق اس فیصلے کی منظوری کم جونگ اُن نے ذاتی طور پر دی تھی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی پابندیوں کے تحت روسی فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کو شمالی کوریا کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روکا گیا ہے، جبکہ کے این 23 بیلسٹک میزائلوں اور اضافی توپ خانے کے گولہ بارود کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی ہے۔
یوکرینی انٹیلی جنس کے مطابق پیانگ یانگ نے ماسکو کی جانب سے اپنے فوجی دستوں کی تعداد بڑھانے کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس نے شمالی کوریا کے فوجیوں کی تعداد 8 ہزار 500 سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
تاہم شمالی کوریا کے فوجی روس کے علاقے کرسک میں سرگرم ہیں، جبکہ شمالی کوریا کی ایک میزائل یونٹ کے 2026 کے وسط سے روس کے علاقے وورونیز میں بھی کام کرنے کی اطلاعات ہیں۔
یوکرینی انٹیلی جنس نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون میں زبان کے فرق، ترجمانوں کی کمی اور لاجسٹک معاونت کی کمزوری سمیت متعدد مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ روسی فوجی کمانڈروں نے شمالی کوریا کے فوجیوں کو اضافی بوجھ سمجھا، جبکہ میدانِ جنگ میں بھاری نقصانات نے بھی فوجی تعاون کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔
ایچ یو آر کے اندازے کے مطابق یوکرینی فوج کے ساتھ لڑائی میں شمالی کوریا کے 7 ہزار 58 فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے، جن میں کرسک کے علاقے میں 2 ہزار 251 ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اس سے قبل روس کو بیلسٹک میزائل اور گولہ بارود فراہم کرتا رہا ہے۔ یوکرینی انٹیلی جنس نے تقریباً 50 شمالی کوریائی میزائلوں کی فراہمی کی اطلاع بھی دی، جن میں کے این 30 ماڈل شامل تھا۔
شمالی کوریا نے روس کی ڈرون سازی کی صنعت میں افرادی قوت کے ذریعے بھی تعاون کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پیانگ یانگ نے 12 ہزار کارکن روس کے علاقے الابوگا کے صنعتی کمپلیکس میں بھیجے، جبکہ ایک دوسرے مانیٹرنگ گروپ نے اندازہ لگایا کہ روس کی ڈرون صنعت میں شمالی کوریا کے 25 ہزار تک شہری کام کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں فوجی تعاون معطل ہونے کے دعوے کے باوجود کہا گیا ہے کہ ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان وسیع فوجی تعلقات برقرار ہیں اور شمالی کوریائی فوجیوں کو یوکرین جنگ کے دوران میدانِ جنگ کا تجربہ بھی حاصل ہوا ہے۔