وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
حکومتی بیان کے مطابق بلوچستان کے چار اضلاع میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے ان کارروائیوں کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن کے حصول کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ ریاست امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور قومی عزم ناگزیر ہے، جبکہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔