کراچی: صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے 29 نومبر کو شیڈول جلسے کی تاریخ یا مقام تبدیل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پُرامن سیاسی جلسے کرنا ہر جماعت کا حق ہے اور پیپلز پارٹی کسی کو جلسہ کرنے سے روک نہیں سکتی۔ ان کے مطابق اس معاملے پر ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس نے ایم کیو ایم سمیت قوم پرست جماعتوں سے رابطہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ 29 نومبر کو جلسوں کے حوالے سے صورتحال مناسب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے قادر مگسی نے اس تاریخ کو جلسے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ایم کیو ایم نے بھی اسی روز جلسے کا اعلان کردیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اس معاملے میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا اور اسے تاریخ یا مقام تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کا 30 نومبر کو یوم تاسیس کا جلسہ کراچی کے ریلوے گراؤنڈ محمود آباد میں ہوگا۔ کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بڑے جلوسوں کے بجائے چھوٹے چھوٹے قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ ان کے مطابق جلسے سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے دہشت گردوں کو چیلنج کیا اور اپنی جان قربان کردی، جبکہ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے نظریے پر قائم ہے۔