تازہ ترین

کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کا واقعہ، ریسکیو آپریشن جاری

0

کراچی کے علاقے ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیرتعمیر عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جبکہ بھاری مشینری کی مدد سے ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بلوچ کالونی بلاک 4 کے قریب 6 منزلہ عمارت کا حصہ منہدم ہوا۔ ابتدائی کارروائی کے دوران زخمی افراد کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور متاثرین کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کردیا۔

ترجمان نے بتایا کہ امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک لاش اور ایک زندہ متاثرہ شخص کو بھی نکالا ہے، جبکہ مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے اور بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔

حادثے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے راستہ کلیئر کرانے اور ٹریفک بحال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے کے ساتھ منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے قریبی عمارتوں کا حفاظتی معائنہ کرنے اور اطراف میں ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آنے پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں 600 گز کے پلاٹ نمبر C-163 پر زیرتعمیر عمارت کے لیے بلڈنگ قوانین کے تحت صرف ایک منزل کی اجازت تھی، تاہم وہاں 6 منزلہ عمارت تعمیر کی جا رہی تھی۔ حادثے کے وقت عمارت میں کام کرنے والے 20 سے 25 مزدوروں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین نے اس پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، وزیر بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام کو خطوط بھی لکھے تھے۔ تاہم ان شکایات پر بروقت کیا اقدامات کیے گئے، اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.