بلیدہ میں گھر پر راکٹ حملے کی اطلاعات، خواتین اور بچوں کی ہلاکت پر ظہور بلیدی کا اظہار افسوس
کوئٹہ-صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے بلیدہ میں ایک گھر پر راکٹ حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت انسانی جانوں کے ضیاع کی اطلاعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایکس پیغام میں میر ظہور بلیدی نے کہا کہ انسانی جانوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہیں۔ شہری آبادی کا تحفظ اور بالخصوص خواتین و بچوں کی سلامتی ہر صورت مقدم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گھر اور چاردیواری کی حرمت کی پامالی انسانی اقدار کے منافی ہونے کے ساتھ بلوچ روایات اور معاشرتی اصولوں کے بھی خلاف ہے۔
میر ظہور بلیدی نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔