تازہ ترین

ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ، 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں

0

اسلام آباد: مہنگائی سے پہلے ہی متاثرہ عوام کے لیے مزید بری خبر سامنے آگئی، وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیاء مہنگی، 9 سستی جبکہ 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی قیمت میں 24.68 فیصد اضافہ ہوا۔ دال چنے کی قیمت 3.35 فیصد بڑھی جبکہ چکن بھی 2.45 فیصد مہنگا ہوگیا۔

روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء میں دہی، لہسن اور چائے سمیت مختلف اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑا ہے۔

ٹماٹر، پیٹرول اور ڈیزل سستے

دوسری جانب ہفتہ وار بنیاد پر بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 1.26 فیصد سستا ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیزل 0.29 فیصد سستا ہوا۔ اس کے علاوہ چینی، انڈے اور آلو بھی ان اشیاء میں شامل ہیں جن کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اگرچہ بعض اشیاء کی قیمتیں برقرار رہیں اور کچھ اشیاء سستی بھی ہوئیں، تاہم مجموعی طور پر ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.