کوئٹہ میں دن دہاڑے بینک پر بڑی ڈکیتی، 6 مسلح ملزمان نقدی لے کر فرار
کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دن دہاڑے ہونے والی بینک ڈکیتی نے سکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے، سریاب روڈ پر واقع بینک میں 6 نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واقعہ تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں سریاب روڈ پر واقع ایم سی بی بینک میں پیش آیا، جہاں ملزمان تقریباً دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر بینک میں داخل ہوئے اور نقدی لوٹ لی۔
ملزمان نے بینک سے نقدی بیگوں میں بھری اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ لوٹی گئی رقم کی مجموعی مالیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
واردات کے دوران بینک کے عملے یا سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مزاحمت نہیں کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔