تازہ ترین

وکٹیں گرنے کے مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، بابر اعظم

0

لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں، ٹیم کے مفاد میں جو بہتر ہوگا وہی کھلاڑی پلیئنگ الیون کا حصہ بنے گا، جبکہ لارڈز کی پچ کی صورتحال دیکھ کر حتمی ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی کھلاڑی غیر اہم نہیں، بعض اوقات کسی کھلاڑی کو اعتماد دینے کے لیے بھی موقع دیا جاتا ہے۔

بیٹنگ کے دوران اچانک وکٹیں گرنے کے معاملے پر قومی کپتان نے اعتراف کیا کہ اچھی پارٹنرشپ کے بعد یکدم وکٹیں گر جاتی ہیں اور ٹیم اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات نیا بیٹر کریز پر آتا ہے تو سیٹ بیٹر ہی آؤٹ ہوجاتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ لارڈز کی پچ پر گھاس موجود ہے، اس لیے پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ پچ اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور ٹیم مینجمنٹ حالات کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری پلیئنگ الیون پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، یہ ممکن نہیں کہ بولرز مخالف ٹیم کے تمام 20 کھلاڑیوں کو آؤٹ کریں جبکہ بیٹرز اپنی ذمہ داری پوری نہ کریں۔

اپنی فٹنس کے بارے میں بابر اعظم نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ لارڈز میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی جائے۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، جبکہ لارڈز ٹیسٹ پاکستان کے لیے سیریز برابر کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.