تازہ ترین

ٹرمپ انتظامیہ کا اسرائیل کو 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کا اسلحہ دینے کا منصوبہ

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسرائیل کو تقریباً 2 ارب 80 کروڑ ڈالر مالیت کا نیا اسلحہ فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں 2 ہزار پاؤنڈ وزنی 40 ہزار بم شامل ہیں۔

امریکی ذرائع کے مطابق مجوزہ پیکج میں 20 ہزار ایم کے 84 اور 20 ہزار بی ایل یو 117 بم شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ 20 ہزار آئی-2000 پینیٹریٹر وار ہیڈز بھی پیکج کا حصہ ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق مجوزہ اسلحہ پیکج ابھی حتمی نہیں ہوا، تاہم اس حوالے سے امریکی کانگریس کی متعلقہ کمیٹیوں کو غیر رسمی طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔ پیکج کا زیادہ تر حصہ امریکی غیر ملکی فوجی مالی معاونت کے ذریعے فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی یہ ممکنہ منتقلی حالیہ برسوں میں اپنی نوعیت کی بڑی فروخت میں شمار ہوگی۔ ایسے بموں کی مختلف اقسام زیرِ زمین اہداف کو نشانہ بنانے یا بڑے پیمانے پر تباہی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

امریکی انتظامیہ نے اس مجوزہ فروخت کے بارے میں کہا ہے کہ تمام غیر ملکی اسلحہ فروخت کے معاملات متعلقہ طریقہ کار کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم زیرِ غور معاہدوں پر تفصیلی تبصرہ نہیں کیا جاتا۔

رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے 2024 میں ان میں سے بعض بھاری بموں کی ایک کھیپ غزہ میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کے خدشات کے باعث روک دی تھی، تاہم بعد میں ٹرمپ انتظامیہ نے اس پابندی کو ختم کردیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.