تازہ ترین

چیف سیکرٹری بلوچستان کا محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے، اصلاحات تیز کرنے پر زور

0

کوئٹہ: بلوچستان میں سرکاری محکموں کی کارکردگی، اصلاحات اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطح پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے جاری اقدامات، اہداف کے حصول، درپیش مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹریز سی ایم آئی ٹی، پراسیکیوشن، بین المذاہب ہم آہنگی، ویمن ڈیولپمنٹ اور آئی پی سی نے اپنے متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور مستقبل کی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ سیکرٹریز نے محکموں میں متعارف کرائی گئی اصلاحات، سروس ڈلیوری میں بہتری، انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام محکمے اپنی کارکردگی میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا بنیادی مقصد عوام کو بروقت اور مؤثر خدمات کی فراہمی ہونا چاہیے۔

انہوں نے سرکاری امور میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور ڈیجیٹائزیشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن سسٹمز، ڈیجیٹل ریکارڈ، ای گورننس اور مربوط مانیٹرنگ میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ سرکاری معاملات میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور بہتر گورننس کے ذریعے سرکاری نظام میں بہتری لانا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے محکموں پر زور دیا کہ وہ صرف اہداف مقرر کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کے عملی حصول اور نتائج کو بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے واضح، قابل عمل اور نتیجہ خیز روڈ میپ کے مطابق آگے بڑھیں، تاکہ اصلاحاتی اقدامات کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جاری منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کی مؤثر نگرانی کے لیے مربوط نظام کو فعال رکھا جائے اور محکمے اپنی پیش رفت کے ساتھ ساتھ درپیش رکاوٹوں کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کریں۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر گورننس اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.