تازہ ترین

آزاد کشمیر میں روڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران رینجرز اہلکار شہید

0

آزاد کشمیر- سرساوا تارڑ کھل روڈ سے رکاوٹیں ہٹانے کے آپریشن کے دوران پرتشدد ہجوم کی فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی فورسز سڑک کو آمدورفت کے لیے کھولنے کی کارروائی میں مصروف تھیں کہ اس دوران ہجوم کے بعض افراد نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی شاہنواز سینے میں گولی لگنے سے شہید ہوگئے، جبکہ لانس نائیک بلال کے کندھے پر گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔ شہید سپاہی شاہنواز کا تعلق سندھ کے ضلع خیرپور سے تھا۔

بند راستوں کو کھولنے اور آمدورفت بحال کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ مقامی آبادی کو آمدورفت میں مشکلات اور اشیائے خورونوش کی قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث راستوں کی بحالی فوری ضرورت بن گئی ہے۔

سیکیورٹی ماہرین نے شرپسند عناصر کی جانب سے جدید ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے منصوبہ بندی کے تحت کیا جانے والا دہشت گردانہ اقدام قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ریاستی رٹ، خودمختاری اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.