تازہ ترین

وفاقی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے، اہم افسران کو نئی ذمہ داریاں

0

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح کی بیوروکریسی میں اہم انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے متعدد افسران کی تقرری، تبادلے، ترقی اور اضافی چارج میں توسیع کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود کو تفویض کردہ سیکرٹری ریونیو ڈویژن کے اضافی چارج میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

تقرری کے منتظر نیاز محمد خان کو جوائنٹ سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی ڈویژن تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ عارف کریم کو جوائنٹ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اسی طرح جوائنٹ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ناصرہ بتول کو جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن تعینات کردیا گیا ہے۔ تمام تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق نوٹیفکیشنز جاری کردیئے گئے ہیں۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے افسران ظفر علی شاہ اور مومن آغا کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد کے پاس سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اضافی چارج میں بھی مزید 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

انتظامی فیصلوں کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کے او ایس ڈی عمر وقار کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں، جبکہ ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 18 کی افسر نازیہ زمان کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر ان کی خدمات سندھ حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں۔

تقرری کی منتظر محمد عرفان خان کو ڈپٹی سیکرٹری صنعت و پیداوار ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں تعینات پولیس سروس گریڈ 18 کے افسر عبدالجبار کو 120 روز کے لیے معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ غلام اللہ شیخ کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں ممبر لاء مقرر کردیا گیا ہے۔ انہیں 3 سال کے لیے نیپرا میں ممبر لاء کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے بعد مذکورہ افسران اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ اضافی چارج میں توسیع پانے والے افسران آئندہ تین ماہ تک اپنی موجودہ اضافی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.