تازہ ترین

ملک بھر میں 15 اگست سے پیٹرول پمپس غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان

0

کراچی: ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کے خلاف احتجاج کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 15 اگست سے پیٹرول پمپس غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، جس کے باعث ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا۔ اعلان کے مطابق 15 اگست کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیئے جائیں گے اور یہ بندش غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گی۔

پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کے مطابق صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور تقریباً 14 ہزار ارکان کی جانب سے شدید دباؤ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات پورے ہونے تک پیٹرول پمپس دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔

وائس چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن انور کمال نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کی جانب سے ڈیلرز سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

ان کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن کے معاملے پر بھی حکومت کی جانب سے اب تک کسی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث ڈیلرز میں تشویش اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر فوری توجہ نہ دی تو ملک گیر ہڑتال طویل ہوسکتی ہے، جس سے شہریوں کو پیٹرولیم مصنوعات کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.