تازہ ترین

حوثی اپنے ہی لیے ناقابلِ برداشت نتائج کا راستہ کھول رہے ہیں: فیصل بن فرحان

0

ماسکو میں سعودی عرب اور روس کے درمیان اہم سفارتی ملاقات کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے حوثیوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب حوثیوں کی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے حق کو استعمال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا جب بھی خود کو مشکل صورتحال میں گھرا ہوا محسوس کرتی ہے تو تشدد کا راستہ اختیار کرتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حوثیوں نے اپنے لیے ایسا راستہ کھول لیا ہے جس کے نتائج ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہوں گے۔

فیصل بن فرحان نے الزام عائد کیا کہ حوثی گروہ یمن کے اندر موجود اپنے مسائل اور مشکلات کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑنے کی کوشش کررہا ہے۔ ان کے مطابق یمنی حکومت نے حوثیوں کو ذمہ داری کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کا موقع فراہم کیا، تاہم حوثی گروہ یمن اور اس کے عوام کے وسیع تر مفادات کے بجائے اپنے محدود مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی اور دفاع کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرے گا اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خطے میں سلامتی کی ضرورت پر زور دیا۔

لاوروف نے کہا کہ باب المندب میں سلامتی برقرار رکھنا اور اس اہم بحری راستے سے آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شہریوں اور اہم بحری گزرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.