تازہ ترین

برطانیہ میں بڑا فضائی بحران، ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

0

لندن: برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے فلائٹ پروسیسنگ نظام میں اچانک تکنیکی خرابی نے فضائی سفر کا نظام بری طرح متاثر کردیا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور سیکڑوں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے مطابق خرابی فلائٹ ڈیٹا پروسیسنگ نظام میں پیدا ہوئی، جس کے باعث ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر اور اسٹینسٹیڈ سمیت 15 بڑے ایئرپورٹس متاثر ہوئے۔

حکام نے بعد میں بتایا کہ تکنیکی مسئلہ حل کرلیا گیا ہے، تاہم منسوخ اور تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں کے باعث پیدا ہونے والا بیک لاگ ختم کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔ حکام نے بدھ کو بھی مزید تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ پر رات گئے پروازوں کی آمد بھی معطل رہی، جبکہ روانگی کا نظام محدود پیمانے پر بحال کیا گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق منگل کو ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں اور متعدد پروازیں کئی گھنٹوں تک تاخیر کا شکار رہیں۔

تکنیکی خرابی کے باعث بعض طیاروں کو برطانیہ سے باہر یورپی ایئرپورٹس پر روکنا یا اتارنا پڑا، جس سے مسافروں اور فضائی کمپنیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بعض بڑی فضائی کمپنیوں نے نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے نظام کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اس میں اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے دوران فضائی سلامتی متاثر نہیں ہوئی، تاہم برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے تاکہ نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.