کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں انتہائی خطرناک دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خاران اور واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے گئے۔ خاران میں سڑک بند کرنے کی کوشش کرنے والے 8 دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واشک میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن انتہائی خطرناک دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جس سے ایک بڑے ممکنہ سانحے کو ٹالنے میں مدد ملی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔