تازہ ترین

پاکستان کی ترسیلات زر میں سالانہ 16.5 فیصد اضافہ

0

اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کا سلسلہ مزید مضبوط ہوگیا، اگست 2026 میں ملک کو 3.66 ارب ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر 7.29 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد زیادہ ہیں۔ اگست میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر بھی 0.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حالیہ اعداد و شمار مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کو موصول ہونے والی ریکارڈ 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات کے تسلسل کو ظاہر کرتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست میں سعودی عرب ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ رہا، جہاں سے 873 ملین ڈالر پاکستان آئے۔ متحدہ عرب امارات سے 750 ملین ڈالر، برطانیہ سے 564 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 309 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے اگست 2026 میں ترسیلات زر 873 ملین ڈالر رہیں، جو اگست 2025 کے 737 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں، تاہم جولائی 2026 کے 914 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد کمی ہوئی۔

متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد بڑھ کر 750 ملین ڈالر ہوگئیں، جبکہ جولائی 2026 میں یہ رقم 737 ملین ڈالر تھی، یوں ماہانہ بنیادوں پر بھی 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ میں سعودی عرب سے مجموعی ترسیلات زر 1,787 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1,560 ملین ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہیں۔

اسی عرصے میں متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر 1,487 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موصول ہونے والے 1,308 ملین ڈالر سے 14 فیصد زیادہ ہیں۔

دیگر خلیجی ممالک سے 327 ملین ڈالر جبکہ دنیا کے دیگر ممالک سے 338 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ مجموعی طور پر مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ میں ترسیلات زر 7.29 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

خرم شہزاد کے مطابق ترسیلات زر کا مسلسل بہاؤ گھریلو آمدنی، زرمبادلہ کی دستیابی، ملکی ذخائر اور مجموعی بیرونی شعبے کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.