اسلام آباد: مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک میں سیاسی تعاون بڑھنے لگا، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں احتجاجی دھرنے میں شرکت کی دعوت دے دی۔
ذرائع کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے ایمل ولی خان کو جماعت اسلامی کے مؤقف، پٹرولیم لیوی کے معاملے اور جاری احتجاجی تحریک سے متعلق آگاہ کیا۔ اے این پی ذرائع کے مطابق ایمل ولی خان نے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
ایمل ولی خان نے مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ حکومتی پالیسیاں ان مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔
اے این پی کے صدر نے کہا کہ عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کی ہر جدوجہد میں ان کی جماعت اپنا کردار ادا کرے گی۔ مہنگائی کے خلاف تمام جمہوری قوتوں کو مشترکہ آواز بلند کرنا ہوگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی قوتوں کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
ایمل ولی خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔