تازہ ترین

’’ایران سے دور رہیں‘‘، امریکا کی مدد کرنے والے ممالک کو سخت وارننگ

0

واشنگٹن: امریکا نے ایران کے ساتھ تعاون کرنے والے ممالک اور اداروں کیلئے دباؤ مزید بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کی مدد یا امریکی پابندیوں سے بچنے میں معاونت کرنے والوں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بدھ کے روز کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کی معیشت پر دباؤ بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی تیاری کر رہی ہے، جن میں ایئرلائنز، بحری صنعت اور ڈیجیٹل اثاثے بھی ممکنہ طور پر نشانے پر آسکتے ہیں۔

شمالی کیرولائنا میں جی 20 اجلاس کے بعد فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ سے ایران کیلئے روسی حمایت کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے تہران کی مدد کرنے والے تمام فریقوں کو خبردار کیا۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ روس سمیت کسی کو بھی ایران کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق امریکی انتظامیہ ایران کی حکومت کی حمایت کرنے والوں کے ساتھ پابندیوں اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی اور جامع مذاکرات کر رہی ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ نے ایک روز قبل بھی کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ ایران کو طیارے لیز پر دینے والی کمپنیوں کو پابندیوں کا نشانہ بنا سکتی ہے، جبکہ ایران کے مزید بینکوں پر بھی اسی ہفتے پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ایران کی معاونت کرنے والے ممالک کو سخت پیغام دیا ہے۔ فاکس نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک ایران کو امریکی پابندیوں سے بچنے یا آمدنی حاصل کرنے میں مدد نہ دے، بصورت دیگر امریکا ایسے ممالک پر بھی پابندیاں عائد کرسکتا ہے۔

مارکو روبیو نے الزام عائد کیا کہ ایران تجارتی بحری جہازوں کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ان خطرات کو نشانہ بناتا رہے گا جو امریکی افواج یا عالمی بحری آمد و رفت کیلئے فوری خطرہ بن سکتے ہیں۔

امریکی حکام کے حالیہ بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان ممالک اور اداروں کو بھی نشانے پر لینے کی تیاری کر رہا ہے جو تہران کے ساتھ تجارتی یا مالی روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.