مالدیپ کے صدر 20 اکتوبر کو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مالدیپ کے صدر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
مالدیپ کے صدر کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد اور کابینہ ارکان سمیت اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی پاکستان آئے گا۔ دورے کے دوران صدر محمد معیزو کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، جو ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیں گے۔ مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے محدود اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
دورے کے موقع پر پاکستان اور مالدیپ کا بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو ایک جگہ جمع کرکے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
صدر محمد معیزو کا یہ دورہ 11 سال بعد کسی مالدیپی صدر کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات 1966 میں قائم ہوئے تھے۔
دونوں ممالک مذہبی روابط، باہمی احترام اور دیرینہ خیرسگالی کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں اور علاقائی و عالمی فورمز پر بھی تعاون کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی تقویت دینے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔