18 اکتوبر پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سانحۂ کارساز کی یاد تازہ کرتا ہے، جب شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے کارکنوں کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ملکی تاریخ کا المناک باب ہے جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کے استقبال کے لیے آنے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر اپنی قائد سے وفاداری اور جمہوریت سے وابستگی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تشدد جمہوری جدوجہد کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق یہ قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ایسا باب ہیں جسے آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، مساوات، سماجی انصاف اور ایک پُرامن و خوشحال پاکستان کی تعمیر تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے سانحۂ کارساز کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں جمہوریت، ثابت قدمی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے عزم کو ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔