تازہ ترین

ملتان ریلوے حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، حنیف عباسی

0

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان میں پیش آنے والے ریلوے حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی ذمہ داری سے فرار اختیار نہیں کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملتان پہنچے ہیں اور بطور وزیر ریلوے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں کئی مسائل موجود ہیں اور حادثے میں جو بھی ملوث پایا گیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کسی خاص شخص کو پہلے سے ذمہ دار قرار نہیں دیں گے اور معاملے میں کسی کے ساتھ ذاتی تعلق کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرین کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔

حنیف عباسی کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائی شروع کی، جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مکینیکل مسائل حل کرنا انتہائی ضروری ہے اور مختلف کاموں کے لیے بار بار ٹینڈر کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ روہڑی سے کراچی ٹریک کا کام جنوری میں شروع ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.