تازہ ترین

پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، وزیر خزانہ

0

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مائیکروفنانس کے شعبے پر زور دیا ہے کہ چھوٹے کاروبار اور کسانوں کو مالی سہولیات کی فراہمی بڑھانے کیلئے قرضوں کا نظام ضمانت کے بجائے نقد بہاؤ کی بنیاد پر استوار کیا جائے۔

کراچی میں منعقدہ مائیکروفنانس کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ متبادل اعداد و شمار اور ڈیجیٹل کریڈٹ اسکورنگ کے استعمال سے مالی سہولیات تک رسائی کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

وزیر خزانہ نے مائیکروفنانس اداروں پر زور دیا کہ وہ صرف قرضوں کے حجم کو کارکردگی کا پیمانہ بنانے کے بجائے نئے قرض لینے والوں کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے پر توجہ دیں، بالخصوص زراعت اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کو۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے برآمدی ری فنانس کی حد ایک کھرب روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ کھرب روپے کردی ہے، جس میں 20 فیصد سہولت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے مختص کی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکے ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں مالی سال ملکی معیشت کی شرح نمو 4 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری اور عوامی مالیات کے شعبوں میں ساختی اصلاحات جاری رکھے گی تاکہ حالیہ معاشی استحکام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جاسکے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران معاشی استحکام کے حصول میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اپریل 2025 کے بعد ملک کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں تین مرتبہ بہتری آئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں توجہ کھپت پر مبنی توسیع کے بجائے پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی ترقی پر مرکوز کرنا ہوگی، جبکہ حکومت معاشی سرگرمیوں میں نجی شعبے کے کردار کو مزید بڑھانے کیلئے بھی پرعزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.