کراچی: سندھ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری خصوصاً چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے 15 اکتوبر کو شنگھائی میں سندھ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانفرنس میں چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تقریب سے خطاب کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ چینی سرمایہ کاروں کو صوبے میں دستیاب کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔
کانفرنس میں توانائی، مینوفیکچرنگ، الیکٹرک وہیکلز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ زراعت، فوڈ پروسیسنگ، لاجسٹکس اور ویئر ہاؤسنگ کے شعبوں میں بھی چینی سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے جائیں گے۔
سندھ حکومت کے مطابق چینی سرمایہ کاروں کو کاروباری سہولیات فراہم کرنے اور صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، جبکہ شنگھائی کانفرنس سے سندھ اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔