تازہ ترین

دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا کبھی نہیں ہوا،عوام مشکلات میں ہیں، علی پرویز ملک

0

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور ڈیزل کی قیمت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے، حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے۔

قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کا اجلاس مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی اور اراکین کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور تیل کی سپلائی صورتحال پر بریفنگ دی۔

کمیٹی ارکان کے سوالات پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ علاقائی کشیدگی سے پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل کبھی اتنا مہنگا نہیں ہوا اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔

سید نوید قمر نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو ہے اور اس کے حوالے سے پارلیمنٹ کا کردار محدود ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے اہداف بجٹ میں مختص ہیں اور کثیر ملکی شراکت داروں سے مشاورت کے بغیر ان اہداف میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی 80 روپے فی لیٹر تک وصول کی جارہی ہے۔

کمیٹی رکن معین عامر پیرزادہ نے مطالبہ کیا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور جو قیمت بنتی ہے وہ شفاف انداز میں صارفین تک منتقل کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کی پانچ میں سے چار ریفائنریوں کے ساتھ یورو فائیو معیار کے فیول کی تیاری کے معاہدے ہوچکے ہیں، جبکہ ایک ریفائنری کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

نوید قمر نے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت 30 روزہ فارمولے سے 15 روزہ اور پھر روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کی طرف کیوں آئی۔

علی پرویز ملک نے جواب دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں بلکہ اوگرا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فیول سپلائی چین کو بہتر بنایا گیا، منافع خوری کے خلاف کارروائی کی گئی اور نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر کام جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.