چمن: مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، حافظ احسان اللہ جاں بحق
چمن: محمود آباد میں پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی، مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے جمعیت طلبا اسلام کے ضلعی رہنما حافظ احسان اللہ جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق حافظ احسان اللہ روزانہ کی طرح اپنے گھر سے مدرسے جارہے تھے کہ محمود آباد کے مقام پر مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی آل پارٹیز، جمعیت علما اسلام کے ضلعی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین نے حافظ احسان اللہ کی میت ڈی سی کمپلیکس کے سامنے رکھ کر دھرنا دیا، جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فائرنگ اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
صورتحال کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ انتظامیہ نے احتجاج کرنے والوں کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری کارروائی اور چھاپے مارے جائیں گے۔
انتظامیہ کی یقین دہانی اور مطالبات کی منظوری کے بعد مظاہرین نے احتجاجی دھرنا پرامن طور پر ختم کردیا۔