کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کیے جانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاہ پشت اور کلی گشتری میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں 5 دہشتگردوں کی ہلاکت اہم پیش رفت ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگرد عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ امن کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔