تازہ ترین

کینسر سے پہلے جسم میں کیا تبدیلی آتی ہے؟ نئی تحقیق

0

ایریزونا : سائنس دانوں نے جسم سے وائے کروموسوم کے بتدریج خاتمے اور کینسر کی تشکیل کے درمیان اہم تعلق دریافت کرلیا ہے۔

مردوں میں عمر بڑھنے کے ساتھ وائے کروموسوم کا بعض خلیوں سے ختم ہونا ایک عام جینیاتی تبدیلی سمجھی جاتی ہے، تاہم نئی تحقیق نے اس عمل کو کینسر کی تشکیل کے ایک اہم ابتدائی مرحلے سے جوڑ دیا ہے۔

یونیورسٹی آف ایریزونا کینسر سینٹر کے سائنس دانوں کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق جسم کے بظاہر صحت مند ٹشوز میں وائے کروموسوم کا موزیک انداز میں ختم ہونا مستقبل میں سرطان بننے کے لیے ایک ایسی جینیاتی فضا پیدا کرسکتا ہے جسے ابتدائی خطرے کی علامت کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔

تحقیق کے نتائج 8 ستمبر 2026 کو طبی تحقیقی جریدے جے سی آئی انسائیٹ JCI Insight میں شائع ہوئے۔ محققین نے 405 مردوں سے حاصل کیے گئے 11 مختلف اعضا کے مجموعی طور پر 1ہزار ٹشو نمونوں کا جائزہ لیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے فلوروسینٹ اِن سِٹو ہائبرڈائزیشن نامی تکنیک استعمال کی، جس کے ذریعے خلیوں میں موجود ایکس اور وائے کروموسوم کی موجودگی کا جائزہ لیا گیا۔

کروموسوم کسے کہتے ہیں؟

جسم میں موجود کروموسوم کا انسانی کردار میں اہم حصہ ہوتا ہے، اگر اس کی اہمیت کی بات کی جائے تو ایک نسل سے دوسری نسل تک خصوصیات مختلف جینز کے ذریعے منتقل ہوتی ہیں۔

یہ جینز کروموسومز پر موجود ہوتے ہیں، ہر انسان میں کروموسومز کے تیئیس (23) جوڑے پائے جاتے ہیں یعنی 23  کروموسوم باپ سے آتے ہیں اور باقی 23 ماں سے حاصل ہوتے ہیں۔

کروموسوم کے ہر جوڑے میں 2 کرومیٹین ہوتے ہیں یعنی اگر کروموسومز 23 جوڑے ہیں تو کل 46 کرومیٹین ہوئے۔

کروموسومز دھاگے جیسی جینز سے بنے ہوتے ہیں اور یہ جینز پیغامات رکھتے ہیں کہ ہماری ممکنہ شکل و صورت، رنگ بال، ذہن مزاج حتی کہ ہمیں کون سی بیماریاں ہوسکتی ہیں۔ والدین کے جینز آپس میں ملتے ہیں تو ان میں والدین کی جینز کے سب خواص موجود ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق وائے کروموسوم کا نقصان عمر کے ساتھ بڑھتا ہے۔ مختلف سابقہ مطالعات کے مطابق تقریباً 40 فیصد مردوں میں 70 سال کی عمر تک خون کے بعض خلیوں میں قابلِ شناخت وائے کروموسوم نقصان دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ 90 سال کی عمر کے قریب یہ شرح تقریباً 60 فیصد تک پہنچنے کی رپورٹس موجود ہیں۔

تاہم یہ اعداد اس بات کی نشاندہی نہیں کرتے کہ اتنے فیصد مردوں کو کینسر ہوجائے گا، یہ صرف ان افراد کا تناسب ہے جن کے بعض خلیوں میں وائے کروموسوم کی کمی پائی جاتی ہے۔

سال 2025میں نیچر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یونیورسٹی آف ایریزونا سے وابستہ محققین نے بتایا تھا کہ وائے کروموسوم سے محروم بعض مدافعتی ٹی خلیوں میں ایسی تبدیلیاں دیکھی جاتی ہیں جو کینسر کے خلاف مدافعتی ردعمل کو متاثر کرسکتی ہیں۔

یعنی نئی دریافت کا مطلب یہ نہیں کہ کسی مرد کے خون یا ٹشو میں وائے کروموسوم کی کمی ملنے کا لازمی مطلب کینسر ہے، تحقیق ابھی اس تعلق کو سمجھنے اور اسے ممکنہ تشخیصی بایومارکر میں تبدیل کرنے کے مرحلے میں ہے۔

مزید مطالعات کی ضرورت ہوگی تاکہ یہ طے کیا جاسکے کہ وائے کروموسوم کا نقصان براہِ راست سرطان کی تشکیل کا سبب بنتا ہے یا بعض صورتوں میں یہ پہلے سے جاری جینیاتی تبدیلیوں کا حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.