انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے لیے ’چھولے بھٹورے‘ خرید کر دکاندار کی قسمت بدل دی
بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے شوہر و کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے ’چھولے بھٹورے‘ خرید کر دکاندار کی قسمت بدل دی۔
بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع ’چھولے بھٹورے‘ (مصالحہ دار چنے کی سالن اور تلی ہوئی پھولی ہوئی روٹی) کے ایک چھوٹے سے آؤٹ لیٹ کے لیے یہ اہم موڑ کامیڈین کی انسٹاگرام اسٹوری اور انوشکا شرما کے گھر سے ویرات کوہلی کے لیے دیے گئے ایک آرڈر کی صورت میں آیا۔
آج ’دہلی سے‘ نامی یہ کھانے کا مرکز اپنے چار آؤٹ لیٹس کے ذریعے روزانہ تقریباً 3000 پلیٹ چھولے بھٹورے فروخت کرنے کا دعویٰ کرتا ہے اور اس کی ماہانہ فروخت تقریباً 2 کروڑ (20 ملین) روپے ہے لیکن کچھ عرصہ قبل ہی یہ کاروبار قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا اور بند ہونے کے قریب تھا۔
جسپال سنگھ خالصہ اور مہندر سنگھ خالصہ نامی بھائیوں نے 250 مربع فٹ پر محیط یہ آؤٹ لیٹ چلایا جس میں صرف تین میزیں اور نو نشستیں تھیں، جنوری 2022 میں فروخت میں کمی آنا شروع ہوئی اور ستمبر تک ان بھائیوں پر تقریباً 18 لاکھ (1.8 ملین) روپے کا قرض چڑھ چکا تھا۔
جسپال نے ’پنک ولا‘ کو بتایا کہ ہم ریستوران بند کرنے کا ارادہ کر رہے تھے۔ دونوں بھائی کاروبار بند کرنے سے قبل راشن اور دکان کے کرائے کے واجب الادا بل ادا کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
حالات میں بہتری کا آغاز 13 ستمبر 2022 کو اس وقت ہوا جب اسٹینڈ اپ کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے اس آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا وہاں کے چھولے بھٹورے کھائے اور انسٹاگرام پر اس کی سفارش کی۔
یہ تجویز بالآخر انوشکا شرما تک پہنچی جو ممبئی میں ویرات کوہلی کے لیے دہلی کے مستند انداز والے ’چھولے بھٹورے‘ تلاش کر رہی تھیں، اداکارہ کی جانب سے عوامی سطح پر اس ریسٹورینٹ کا ذکر کرنے سے پہلے ہی ان بھائیوں کو کسی ایسے شخص کی مسلسل کالز موصول ہونے لگیں جس نے دعویٰ کیا کہ وہ انوشکا کے گھر سے بات کر رہا ہے، کال کرنے والے نے ’جوہو‘ کے علاقے میں دو پلیٹیں بھجوانے کا کہا اور ریستوران کی بینک تفصیلات طلب کیں۔
جسپال کو شروع میں شبہ ہوا کہ یہ کوئی مذاق ہے، اس نے بتایا کہ میں نے مہندر سے کہا کہ ’یہ خاتون مجھے پریشان کر رہی ہیں، انہوں نے آٹھ بار کال کی ہے اور مجھ سے بینک کی تفصیلات مانگ رہی ہیں۔‘
مہندر نے کہا کہ ’مسئلہ کیا ہے؟ انہیں بینک کی تفصیلات دے دو۔‘ میں نے کہا، ’اگر انہوں نے اکاؤنٹ ہیک کر لیا تو؟‘ مہندر نے جواب دیا، ’اکاؤنٹ کا بیلنس تو پہلے ہی منفی ہے۔ اس میں بمشکل ہی کوئی رقم موجود ہے۔‘
کئی کالز کے بعد ہی ان بھائیوں کو معلوم ہوا کہ یہ آرڈر دراصل ویرات کوہلی کے گھر سے آیا تھا۔
جسپال کے مطابق میں نے کہا کہ محترمہ براہ کرم ایسی باتیں نہ کہیں، ویرات کوہلی کہاں اور میں کہاں، چیمبور میں چھولے بھٹورے کی ایک چھوٹی سی دکان؟ میں کیسے یقین کرلوں کہ آپ ویرات کے گھر سے کال رہی ہیں۔
بعد ازاں انوشکا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ انہیں بالآخر ممبئی میں بالکل دہلی جیسے چھولے بھٹورے” مل گئے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اس تجویز کے لیے اپمنیو کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس کا اثر تقریباً فوری طور پر ظاہر ہوا جسپال نے بتایا کہ ان کی پوسٹ کے بعد ریستوران میں لوگوں کا ہجوم امڈ آیا۔ آدھے گھنٹے کے اندر ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے کہ ہم بالکل دنگ رہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ انوشکا کی پوسٹ کی وجہ سے تین ہی دنوں کے اندر تیار کیے جانے والے چنوں کی مقدار تقریباً 8 کلوگرام سے بڑھ کر 100 کلوگرام تک پہنچ گئی۔