پاکستان میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبے میں عالمی مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ہواوے کے گلوبل سپورٹ سینٹر کو اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی مہارتوں کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سپورٹ سینٹر (GSC) کا دورہ کیا، جہاں انہیں مرکز کی سرگرمیوں اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور عالمی آئی سی ٹی آپریشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی انجینئرز اور ٹیکنالوجی پروفیشنلز سے بھی ملاقات کی۔
شزہ فاطمہ خواجہ کا استقبال ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن، ہواوے پاکستان کے سی ای او اے آئی اینڈ کلاؤڈ احمد بلال مسعود اور گلوبل سپورٹ سینٹر کی سینئر انتظامیہ نے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہواوے گلوبل سپورٹ سینٹر پاکستان کی عالمی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کے مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس ماڈل کو ’’ایکسپورٹس ود آؤٹ شپنگ کنٹینرز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز ملک میں رہتے ہوئے عالمی مارکیٹ کے لیے اعلیٰ قدر کی ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو اہم قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تقریباً 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ ان کے مطابق اس آبادیاتی طاقت کو ہنرمند انسانی سرمائے اور عالمی معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران ہواوے اور پاکستان کے درمیان طے پانے والی تربیتی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوان پاکستانیوں کو آئی سی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے لیے ہواوے کے 3 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کے عزم کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مزید مضبوط تعاون پر زور دیا تاکہ ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے پائیدار ہنرمند افرادی قوت تیار کی جاسکے اور نوجوان پاکستانیوں کو عالمی مواقع سے جوڑا جا سکے۔
انہوں نے ہواوے کی آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ذریعے تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے کردار کو بھی سراہا اور کمپنی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری، علم کی منتقلی اور رہنمائی کے پروگراموں کو مزید وسعت دے، جبکہ ملک میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کے امکانات بھی تلاش کرے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے گلوبل سپورٹ سینٹر میں خواتین انجینئرز سے بھی ملاقات کی اور ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں مقامی تکنیکی مہارت کو مضبوط بنانے اور پاکستانی پروفیشنلز کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
اسلام آباد میں قائم ہواوے گلوبل سپورٹ سینٹر عالمی ٹیکنالوجی آپریشنز کے مرکز کے طور پر کام کرتا ہے، جہاں بین الاقوامی صارفین کو ریموٹ ٹیکنیکل سپورٹ، نیٹ ورک آپریشنز، سروس اشورنس اور دیگر جدید آئی سی ٹی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔