دکی چمالنگ روڈ پر مزدوروں کے کیمپ پر حملہ بلوچستان کی ترقی پر حملہ ہے، مینا مجید
صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے دکی چمالنگ روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں کے کیمپ پر حملے، سکیورٹی گارڈ کی شہادت اور 18 مزدوروں کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بلوچستان کی ترقی، امن اور عوامی روزگار کے منصوبوں پر براہ راست حملہ ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نہتے اور بے گناہ محنت کش اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے سخت محنت کرتے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور مزدوروں کو نشانہ بنانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی اور عوام کے روزگار کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
مینا مجید بلوچ نے سیاسی و سماجی حلقوں پر زور دیا کہ وہ مزدوروں کے اغوا، ترقیاتی منصوبوں پر حملوں اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کارروائیوں کی واضح مذمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بلوچ اور پشتون عوام کو امن، ترقی اور خوشحالی کے خلاف سرگرم عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں اور شرپسند عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔