اسسٹنٹ کمشنر گوادر کا مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ، مشینری کا جائزہ
گوادر: شہریوں کو پانی کی بلاتعطل فراہمی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف پمپنگ اسٹیشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مختلف پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں پانی کی فراہمی کے نظام سمیت مشینری کی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ایئرپورٹ، کالونی اور مین بازار پمپنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نصب پمپس، مشینری اور دیگر ضروری آلات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں شہریوں کو پانی کی فراہمی کے موجودہ نظام اور مختلف پمپنگ اسٹیشنز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
دورے کے دوران پانی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں، مشینری کی دیکھ بھال اور پمپنگ اسٹیشنز کو درپیش مسائل سے متعلق بھی تفصیلی معلومات حاصل کی گئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مشینری کی بروقت دیکھ بھال اور خرابی کی صورت میں فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
رومیل نعیم جان نے متعلقہ حکام سے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور منصوبوں کی پیش رفت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گوادر کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پانی شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے فراہمی کے نظام کو فعال رکھنے، پمپنگ اسٹیشنز کی مشینری کی باقاعدہ دیکھ بھال اور درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر اور بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جاری و مجوزہ منصوبوں کو مقررہ تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔