تازہ ترین

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی مذاکرات کا تیسرا دور مؤخر

0

لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور ایک روز کیلئے مؤخر کردیا گیا۔ حکومت نے مزید مشاورت کیلئے جماعت اسلامی سے ایک دن کی مہلت طلب کی ہے، جس کے بعد مذاکرات اب منگل کو ہوں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور مذاکرات کیلئے مزید ایک دن دینے کی درخواست کی۔

لیاقت بلوچ کے مطابق احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا کہ وزیراعظم پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو کرنا چاہتے ہیں۔ اس درخواست کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما کے مطابق حکومت نے مختلف معاملات کیلئے الگ الگ مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں۔ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات چیت منگل کو جبکہ آزاد بجلی گھروں کے معاملے پر مذاکرات بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کو بھی تیز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پی پی 169 کی سیاسی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیاقت بلوچ نے مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اور اسلام آباد مارچ کے نگران کی حیثیت سے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد مارچ کی تیاریوں، تنظیمی معاملات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ جماعت اسلامی کے مختلف رہنماؤں اور عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.