حبکو کنڈ کے قریب کشتی حادثہ، 6 ماہی گیر ڈوب گئے، 3 ریسکیو
گڈانی: حبکو کنڈ کے ساحل کے قریب کھلے سمندر میں تیز لہروں کے باعث مچھلی کے شکار کیلئے جانے والی کشتی اچانک الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 6 ماہی گیر سمندر میں ڈوب گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا، جبکہ 3 لاپتا ماہی گیروں کی تلاش کیلئے کھلے سمندر میں امدادی کارروائی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہی گیر الانہ گدور گوٹھ کے رہائشی تھے اور مچھلی کے شکار کیلئے حبکو کنڈ کے کھلے سمندر میں گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق سمندر میں تیز لہروں کی زد میں آکر کشتی اچانک الٹ گئی اور اس میں سوار تمام افراد سمندر میں جا گرے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے 3 ماہی گیروں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال لیا، جنہیں طبی امداد کیلئے کراچی روانہ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاپتا ہونے والے ماہی گیروں میں دو بھائی عامر ولد نور بخش اور عبدالسلام ولد نور بخش جبکہ شیر محمد ولد بدل خان شامل ہیں۔ تینوں کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیمیں کھلے سمندر میں مسلسل کارروائی کررہی ہیں۔
ریسکیو کیے جانے والے ماہی گیروں کی شناخت نصیر احمد ولد نور بخش، غلام نبی ولد عبدالرحمن اور محمد ناصر ولد نور بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے میں لاپتا ہونے والے افراد میں دو بھائی شامل ہیں جبکہ کشتی میں سوار تمام ماہی گیر مقامی رہائشی تھے۔