شاہرگ: شاہرگ میں پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان نمبر 151 میں اچانک زہریلی گیس بھرنے کے باعث دم گھٹنے کا شدید حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک کانکن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے، جبکہ کان کے اندر پھنسے مزید 3 کانکنوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو کارروائی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی کول مائن میں پیش آیا، جہاں اچانک زہریلی گیس بھرنے سے کانکن متاثر ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کان سے نکالے گئے 4 زخمی کانکنوں کو فوری طور پر شاہرگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر انہیں مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں متاثر ہونے والے تمام کانکنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا جارہا ہے۔
انتظامیہ اور ریسکیو حکام کے مطابق کان کے اندر مزید 3 کانکن پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں بحفاظت باہر نکالنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن پولیس اور انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے کانکنوں کو جلد از جلد نکالنے کیلئے امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائی کررہی ہیں۔