تازہ ترین

آزاد کشمیر میں جھڑپ کے دوران زخمی رینجرز اہلکار شہید

0

آزاد کشمیر میں راستوں کی بحالی کے لیے جاری کارروائی کے دوران مسلح جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار آصف حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ آصف حسین کو 4 ستمبر کو تھوراڑ کھل روڈ پر کارروائی کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق سڑکیں کھولنے اور آمدورفت بحال کرنے کے لیے کارروائی شروع کی گئی تھی۔ اس دوران احتجاج کرنے والے افراد کی جانب سے مبینہ طور پر نشانہ بازوں کے ذریعے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

شدید زخمی رینجرز اہلکار آصف حسین کو فوری طور پر علاج کے لیے سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم طبی ماہرین کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ 10 ستمبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

یہ کارروائی مقامی آبادی کی جانب سے راستے کھولنے، آمدورفت کی پابندیاں ختم کرنے اور خوراک کی قلت دور کرنے کے مطالبات کے بعد شروع کی گئی تھی۔ واقعے میں جدید ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

آصف حسین کی شہادت ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ قانون کی عمل داری، عوامی تحفظ اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کو کس قدر بھاری قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.